اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے تمام حکومتی رہنماؤں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے حکمران جماعتوں کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس میں فلم ’’لندن نہیں جاؤں گی‘‘ کے تمام کردار موجود تھے۔

مریم نواز کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ضمانت پر ہونے کے باوجود خاتون عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنس کرتی رہیں۔ فواد چودھری نے سوال کیا کہ مریم نواز کو پریس کانفرنس کرنے کے لیے وزیراعظم ہاؤس آڈیٹوریم کیسے دیا گیا؟
زرداری کے دورہ دبئی پر فواد چودھری نے کہا کہ بلاول کے والد یہ جان کر فرار ہوگئے کہ ان کی حکومت چند دنوں کی ہے، یہ لوگ چند دنوں کے مہمان ہیں اور کچھ نے اپنا سامان باندھ رکھا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول کا ذوالفقار بھٹو سے تعلق صرف اتنا ہے کہ وہ بے نظیر کے گھر پیدا ہوئے، پیپلزپارٹی نے سندھ کا پیسہ پنجاب میں لگایا، سندھ کے حالات دیکھیں، جب بارش ہوتی ہے تو کراچی ڈیم بن جاتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس حکومت نے سپریم کورٹ کو دبائو میں لانے کا کام کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ سپریم کورٹ کو بلیک میل کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ ان جماعتوں کے رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، یہ سب ملک سے فرار ہونے کی کوشش کریں گے۔