کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں دھماکے کے نتیجے میں ایگل اسکواڈ کے اہلکار سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایگل سکواڈ کی پولیس گشتی ٹیم کو نواں کلی میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایگل سکواڈ کے ایک رکن سمیت ایک لڑکی اور تین خواتین زخمی ہو گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے اڑا دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں پولیس کے عقاب دستے کو نشانہ بنایا گیا تاہم واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
اس سے قبل آج ہفتہ کو ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں راگھن ڈیم کی حفاظت پر تعینات دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حوالدار حیات اور سپاہی سراج کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مشتبہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بم ڈیم کے قریب نصب کیا گیا تھا۔