گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کروں گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہم عملدرآمد کریں گے ، ہم الیکشن کمیشن سے بھی بات کریں گے،وہ ہمیں خط لکھتے ہیں ورنہ ہم خط لکھیں گے کہ کیا کریں،ان کاکہناتھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اور میں بھی آئینی عہدہ رکھتا ہوں لیکن سب سے زیادہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔
گورنر خیبر پختون خوا کا کہنا تھا کہ وہ تو اس سے پہلے بھی تین بار الیکشن کمیشن کو خط لکھ چکے ہیں اور الیکشن کی تاریخ دینے پر الیکشن کمیشن سے بات کو تیار ہیں -تاہم ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے کے بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں الیکشن کے روز دہشت گردی کا خدشہ ہے اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ ان علاقوں میں پوری تیاری کے ساتھ الیکشن کروایا جائے تاکہ لوگوں کی جان کو خدشات لاحق نہ ہوں –
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے بھی کہاکہ سارے ادارے الیکشن کمیشن کے ماتحت ہوں گے ، الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے ہم اور الیکشن کمیشن مشاورت کرلیں گے اس کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔