شہباز شریف نے خبردار کیا کہ پانی اور بجلی کے منصوبوں میں مزید رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے حکم دیا کہ گوادر میں 1.2 ملین گیلن ڈی سیلینیشن پلانٹ کو مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 62 میگاواٹ کے سولر پراجیکٹس کے حوالے سے آئندہ تین ہفتوں میں رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سولر پراجیکٹس اور مقامی آبادی کو سولر پینل دینے کے لیے سولر پینلز کی پیداوار کو یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آئندہ سال جولائی تک تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور گوادر اور کوئٹہ کے ایئرپورٹس پر بین الاقوامی پروازیں بحال کی جائیں اور کرایوں میں کمی کی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گوادر ہسپتال کی تعمیر دسمبر کے بجائے ستمبر میں مکمل کی جائے۔ گوادر کے تمام 16523 غریب خاندانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیا جائے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی گوادر میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی جس میں صوبے کی انتظامی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ایک ماہ میں دو بار گوادر کا دورہ کرنے اور گوادر کی ترقی کو ترجیح دینے کے وژن کو سراہا۔
عبدالقدوس بزنجو نے آئندہ مالی سال کے دوران پانچ ضروری اشیاء پر ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرنے کے حکومتی فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا۔