پاکستانی جو گرمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شدید مشکل میں تھے ان کے لیے اچھی خبر ہے کہ پاکستان میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے -مغربی ہواؤں کا بارشیں برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث ملک کے بالائی علاقوں اور پوٹھوہار ریجن میں موسلادھار بارشیں شروع ہوگئی ہیں ۔ لاہور میں بھی ہلکے بادلوں سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی ہوئی -مغربی ہواؤں کا سسٹم آج شام تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں پہنچنے کا امکان ہے جس کے باعث لاہور ، گوجرانوالہ ، گجرات ، شیخوپورہ ، سیالکوٹ اور قصور سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر ، خیبر پختونخوا اور راولپنڈی کے علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ، بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا ۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج دن کے وقت پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے ، زیریں سندھ اور جنوبی پنجاب کے بیشتر شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے بھی اوپر رہا ۔ لاہور میں آج گرمی کی وجہ سے 3 افراد کے انتقال کی خبریں بھی میڈیا پر رپورٹ ہوئیں –