پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے وزیر شوکت یوسفزئی نے رانا ثناللہ کے اس بیان پر صوبوں سے عوام پر تشدد کی غرض سے پولیس فورس مانگنے پر ناراضگی کا اظہارکیا ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اسلام آباد کے لیے سیکیورٹی مانگ رہے ہیں، اسلام آباد میں کون سے دہشتگرد آرہے ہیں جس کے لیے سکیورٹی طلب کی جا رہی ہے، ہم ان کو ایک بندہ نہیں دیں گے ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جمہوری احتجاج کو روکنے سے اس کے نتائج انتہائی خطر ناک ہوں گے، آپ کی حکومت صرف27کلو میٹر پر محیط ہے،شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ نے شہبازشریف کے ساتھ مل کر ماڈل ٹاؤن میں جو کیا وہ یہ دہرانا چاہتے ہیں، دھمکیاں دی جا رہی ہیں، راناثنااللہ آپ سیاسی ورکر ہیں یا کسی گینگ کے سربراہ ہیں؟ پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت ہے، آپ یہ نہ سوچیں کہ ہم پر چڑھائی کریں گے، اسلام آباد کے چاروں طرف سے ہماری حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عدلیہ سے بڑی توقعات ہیں، وزیر داخلہ سیاسی لوگوں کو جس طرح دھمکیاں دے رہے ہیں عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، یہ سکیورٹی مانگ رہے ہیں ہم ان کو ایک بندہ بھی نہیں دیں گے۔یاد رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چند روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے لیے صوبوں سے پولیس مانگی ہے، اگر صوبوں نے پولیس فراہم نہ کی تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔