ورلڈ کپ کا سب سے ٹف یا کڑا مقابلہ کل پاکستان اور بھارت کے درمیاں کھیلا جائے گا -دونوں ٹیمیں اپنے دونوں میچز جیت کر پر اعتماد ہیں – بھارت آ سٹریلیا کو ہرا چکی ہے جبکہ پاکستان ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسری اننگ کا سب سے بڑا سکور بناکر دنیا کو حیران کرچکا ہے -اگر کل کے میچ میں کوئی انہونی بات نہ ہوئی تو یہ مقابلہ بہت دلچسپ ہوگا -اب اس حوالے سے لوگوں کے ذہن میں یہ سوال بھی ہے کہ کل بھارت کے شہر احمد آباد کا موسم کیسا ہوگا -کیا 100 اوورز کرائے جاسکیں گے تو ان سب کے لیے اچھی خبر ہے کہ بھارتی میڈیا نے ہفتے کے روز موسم گرم اورخشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جس کی وجہ سے سخت گرمی اور حبس کھلاڑیوں کے پسینے نکلوا سکتا ہے مگر موسم اچھا بھی ہوا تو کھلاڑی اور تماشائی ہائی وولٹیج میچ کی ٹینشن کی وجہ سے بھیگے رہیں گے –
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی سٹیڈیم احمد آباد کی پچ بلے بازوں کے لیے جنت ہوگی اور خوب رنز بنیں گے جس سے میچ مزید دلچسپ ہوگا ۔ بھارتی میڈیا نے یہ بھی کہا ہے کہ احمد آباد میں میچ کے آغاز میں فاسٹ بولرز کو اضافی باؤنس اور سوئنگ ملے گی، مڈل اوررز میں اسپنرز کو مدد ملنے کی امید ہے جبکہ مجموعی طور پربیٹرز کو شاٹس کھیلنے میں آسانی ہو گی۔اب کیا پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میچ کی تاریخ دہرائے گا یہ تو کل ہی پتہ چلے گا البتہ ٹیم کی جیت کی دعاؤں کا سلسلہ آج سے ہی شروع ہوگیا ہے اور جہاں بھی کرکٹ کی بات ہورہی ہے پاکستانی اپنے رب سے بابر الیون کی جیت کی دعا مانگتے نظر آرہے ہیں –