کراچی کے علاقے رضویہ تھانے کی حدود میں دوست نے دوست کو اغوا ءکرواکراہلخانہ سے 10 لاکھ تاوان مانگ لیا ۔تاہم پولیس نے تاوان کی رقم کی ادائیگی کا ڈرامہ رچاکر رقم وصول کرنے آئے شخص کو گرفتار کرلیا جس نے سارا منصوبہ بے نقاب کردیا -اس طرح اس جرم کے پیچھے چھپے سہولت کار کا نقاب اتر گیا
رضویہ سوسائٹی پولیس نے اغواء برائے تاوان کا کیس چند گھنٹوں میں حل کردیا، پولیس کے مطابق مغوی مشال کے دوست جنید نے اسے چائے کے ہوٹل پرمیٹنگ کے لئے بلایا تھا مگر تھوڑی دیرمیں ایک گاڑی آکر رکی جس میں اغواءکار سوار تھے جنہوں نے مشال کو اغوا ءکیا۔ ملزمان نے جنید کو بھی اغوا ءکرنے کا ڈرامہ کیا مگراسے دوسری موٹرسائیکل پر سوار کیا اور اس کی یہی غلطی اس کیس کو حل کرنے کا بڑا سبب بن گئی اگرچہ،کارمیں 2 اغواءکاروں نے دھوکہ دینے کیلئے پولیس کی وردی کا استعمال تو کیا مگر ان کی یہ چال بھی پولیس نے ناکام بنا دی ۔
پولیس نے اغواءکاروں کو تاوان لینے کےلئے بلوایا اور پیسے لیتے ہوئے ملزم ساجد علی کو گرفتار کیا اورتاوان کی رقم 50 ہزار روپے برآمد کرلیے۔ گرفتار مجرم کی نشاندہی پر فرارملزمان جنید اوراحمد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ جنہیں جلد ٹریس کرلیا جائے گا –