کراچی: سندھ پولیس نے جعلی سرکاری نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا، جعلی سبز اور نیلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن کے جاری کردہ احکامات کے مطابق سندھ پولیس نے گاڑیوں پر سبز اور نیلے رنگ کی جعلی نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔
آئی جی کے احکامات کے بعد ٹریفک پولیس نے کراچی کے محمد علی جناح روڈ (ایم اے جناح روڈ) پر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

مزید برآں ایک تیز رفتار ڈرائیور نے جعلی سبز نمبر پلیٹ کا استعمال کرتے ہوئے چیکنگ کے لیے روکے جانے پر ٹریفک پولیس اہلکار پر چڑھ دوڑنے کی کوشش کی۔
آئی جی کی جانب سے 25 جولائی کو جعلی سبز اور نیلی نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کیا گیا تھا تاہم مون سون کی بارشوں کے باعث آپریشن میں تاخیر ہوئی تھی۔
آئی جی نے کہا کہ پرائیویٹ گاڑیوں پر نیلی یا سبز نمبر پلیٹ لگانا جرم ہے اور اس کے مضر اثرات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضلعی پولیس افسران کو جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث پولیس افسران کو بھی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں تین ماہ تک جاری رہیں گی۔