ڈیرہ اسماعیل خان: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کے علاقے ڈیرہ ٹاؤن میں چار مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے ڈیرہ ٹاؤن میں سی ٹی ڈی کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جب کہ آپریشن کے دوران دھماکے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ ڈی آئی خان کے کچے علاقے میں ہوا۔
مارے گئے مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
اس سے قبل، بلوچستان کے قصبے دشت میں انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے کیے گئے چھاپے کے دوران پانچ ‘دہشت گرد’ مارے گئے تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقے دشت کے علاقے اسپیلنجی میں چھاپہ مارا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 4 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔