چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
مبارکباد کے پیغام میں لی کی چیانگ نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے منفرد اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں۔
لی کی چیانگ نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات اور دوستی میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں اور یہ ہمیشہ سے مضبوط اور اٹوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال میں گہری اور پیچیدہ تبدیلیوں اور کووڈ-19 کی تباہ کن وبا کے درمیان چین اور پاکستان نے مشکلات پر قابو پانے میں ایک دوسرے کی مدد کی ہے اور چین پاکستان دوستی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، باہمی سیاسی اعتماد کو مستحکم کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اعلیٰ معیار کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے شہباز شریف کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
دریں اثنا، وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان ہمہ گیر، عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان قومی استحکام، ترقی اور پیشرفت کو فروغ دینے میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔
شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و نائب وزیراعظم محمد بن سلمان نے وزیراعظم محمد شہبازشریف کو نئے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔
حرمین شریفین کے متولی نے نومنتخب وزیراعظم کی کامیابی کے لیے تہہ دل سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔