پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز جو پہلے ہی بےشمار مسئل میں گھری ہوئی ہے اور حکومت کے لیے سفید ہاتھی بنی ہوئی ہے آج اس کی ایک اور نااہلی سامنے آگئی جب ائرپورٹ پر ایک کتے نے اپنی انٹری مار دی اور وہ پی آئی اے جہاز کے ساتھ ٹکرا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے متعد دطیارے پہلے ہی مختلف وجوہات کی بنیاد پر گراونڈ ہو چکے ہیں 450 ارب روپے کے خسارے میں چلنے والے ادارے کو پی ایس او کی جانب سے تیل نہ دیے جانے کی دھمکیوں کا بھی سامنا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں پروازین معطل ہوچکی ہیں ،ایئر پورٹ کی حدود میں جانوروں کے منڈلانے کی روک تھام کیلئے کوئی بااثر پالیسی دکھائی نہیں دے رہی ہے اور اس کا شکار حال ہی میں پی آئی اے کا ایک اور طیارہ ہو گیاہے ۔
سیالکوٹ ایئر پورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ پرواز بھرنے کیلئے رن وے پر دوڑ رہا تھا کہ اچانک ایک کتا دوڑتا ہو ا رن وے پر طیارے کے سامنے آ گیا اور جان گنوا بیٹھا ۔ کتے کے ٹکرانے سے جہاز نقصان سے بال بال بچ گیا ۔
پائلٹ نے کتے کے ٹکرانے کی اطلاع کنٹرول ٹاور پر دی اور نقصان کی اطلاع نہ ہونے پر پائلٹ نے پرواز جاری رکھی ، انتظامیہ نے رن وے پر ڈیوٹی دینے والے مخصوص اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔
ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد ایئر پورٹ پر بھی پیش آیا جہاں ایک جانور دوڑتا ہوا رن وے پر آیا اور جہاز سے ٹکرا گیا ، نجی ایئر لائن دبئی سے آ رہی تھی ۔ پائلٹ نے اس معاملے کے بارے میں فوری کنٹرول ٹاور پر اطلاع بھی دی تھی ۔
پی آئی اے کا ایک اور کارنامہ ؛ائرپورٹ پر گھومتا کتا چلتے جہاز سے ٹکرا گیا
19