لاہور سمیت پورا پنجاب اس وقت سخت گرمی کی لپیٹ میں ہے -پنجاب کے شہروں کا درجہ حرارت 40 سے 45 ڈگری تک پہنچ گیا ہے جس میں ایک ہفتے کے دوران مزید اضافے کا خدشہ ہے – پنجاب میں 27 مئی تک ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کو الرٹ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت کمیٹی روم میں اہم اجلاس ہوا جس میں جنوبی پنجاب میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ بہاولپور , بہاولنگر رحیم یار خان کے ڈی سیز نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔
ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی،ریسکیو،میونسپل ،محکمہ صحت ،سول ڈیفنس اور محکمہ تعلیم کے افسران بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔انتظامی افسران نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے اقدامات کےبارے میں بریفنگ دی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھل و چولستان کے اضلاع میں واٹر باؤزرز مہیا کر رہے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اس موقع پر کہا کہ ڈی سیز موجودہ صورتحال میں الرٹ رہیں کوتاہی کی گنجائش نہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو تمام ممکنہ معاونت فراہم کی جائے ۔ اسی ہیٹ ویو کے پیش نظر پنجاب بھر میں سکول اوقات تبدیل کردیے گئے ہیں اور یکم جون سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان بھی کردیا گیا ہے –