پشین میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد اور 50 جانور ہلاک

مغربی سسٹم جنوب اور شمال سے بلوچستان میں داخل ہو گیاہے ، بلوچستان کے ساحلی اور شمالی بالائی علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو گیاہے -بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس وقت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہورہی ہے اور اب یہ بادل پاکستان کے دوسرے صوبوں کا رخ بھی کرنے لگے ہیں -محکمہ موسمیات نے پہلے ہی بتادیا تھا کہ 11 مارچ سے 14 مارچ تک ملک کے مختلف صوبوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں –

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیاہے کہ مغربی سسٹم سے پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقے زیر اثر آ گئے ہیں، قلعہ عبداللہ، پشین ، زیارت ، خانوزئی اور مسلم باغ جنگل پیر علیزئی ، سرانان ، گلستان ، شیلا باغ اور کوژک ٹاپ پر بھی موسلا دھار بارش جاری ہے ۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق توبہ اچکزئی ، توبہ کاکڑی ، برشور ، حرمزئی میں بارش جاری ہے ، اس کے علاوہ بعض علاقوں میں بارش کے سات ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ۔پشین کے علاقے سرانان میں رات گئے تین مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی ہوئے ۔

لیویز ذرائع کا کہناہے کہ سرانان کیمپ میں خانہ بدوشوں کی جھونپڑی پر آسمانی بجلی گری جس کے باعث دو فراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ تین جھونپڑیاں جل گئیں، آسمانی بجلی گرنے سے 50 جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

ملک میں سردی بڑھ جانے کے سبب وادی نیلم کے بالائی علاقوں ، گریس ویلی ، تاوبٹ ، ہلمت ، شونٹھرویلی سمیت پہاڑوں پر برفباری کاسلسلہ شروع ہو گیاہے جبکہ کیل ، تاوبٹ ، شاہراہ نیلم، لوات بالااور سرگن ویلی کی سڑکیں بحال نہیں ہو سکیں ہیں ۔

Related posts

پاکستان نے یو اے ای میں طوفانی بارشوں کے باعث فضائی آپریشن معطل کر دیا

کے پی کے میں 30 اپریل تک طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی

ایران میں تباہی مچانے والا بڑا سیلابی ریلا پاکستان پہنچ گیا