وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرحدیں اور محفوظ ہیں۔
پیر کو اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان نے نہ تو کوئی مہاجر کیمپ قائم کیا ہے اور نہ ہی افغانستان سے نئے مہاجرین وصول کیے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان 30 لاکھ افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی چاہتا ہے تا وقتیکہ وہاں کی صورتِ حال مستحکم ہو جائے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان نے سولہ ہزار افراد بشمول سفارتکاروں اور آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے نمائندوں کو افغانستان سے نکالنے میں مدد کی ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورے کی منسوخی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کابینہ کے اس فیصلے کے بعد ٹیم کو آرمی سیکورٹی فراہم کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہیے کیونکہ وہ دن آئے گا جب تمام ٹیمیں پاکستان آنا چاہیں گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور اس کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان میں اپنی سازشوں کی ناکامی کے بعد پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جو لوگ دوہرے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ رکھتے ہیں انہیں اگلے مہینے کی 31 تاریخ تک اضافی دستاویزات واپس لینے کا وقت دیا جا رہا ہے۔