پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ آئین سے باہر کوئی قانون نہیں بنا سکتی۔ سب آئین کے ماتحت ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین سب سے اعلیٰ ہے، کوئی بھی آئین سے بالاتر نہیں، پارلیمنٹ ہو یا کوئی بھی عہدہ دار یا کوئی بھی شخصیت ذاتی حیثیت میں کوئی بھی آئین سے بالاتر اور کوئی حکم جاری نہیں کر سکتا۔

لاہور میں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ آئین سے آزاد کوئی قانون نہیں بنا سکتی، سب آئین کے ماتحت ہیں۔
دریں اثناء پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم پاکستان کے اندرونی معاملات میں کسی قسم کی غیر ملکی مداخلت نہیں چاہتی۔
منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے فیصلے آئین اور عوامی امنگوں کے مطابق ہونے چاہئیں۔
انہوں نے منتخب نمائندوں کے ضمیر خریدنے کے لیے پیسے کے استعمال پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
شاہ محمود نے دھمکی آمیز دستاویز کے جعلی ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ رابطے سے منسلک غیر ملکی شخصیت نے بھارتی میڈیا کی جانب سے اس بارے میں پوچھے جانے پر اسے مسترد نہیں کیا بلکہ خاموشی اختیار کی۔