پاکستان نے آئی ایم ایف کو پیٹرولیم لیوی میں 50 روپے فی لیٹر اضافے کی یقین دہانی کرائی

اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں بتدریج 50 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ایل او آئی میں پاکستان نے بین الاقوامی قرض دہندہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی بتدریج بڑھا کر 50 روپے فی لیٹر کر دی جائے گی۔

Image Source: Daily Sabah

ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم ستمبر سے پیٹرول پر 10 روپے اور ڈیزل پر 5 روپے فی لیٹر لیوی بڑھا دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مہینوں میں لیوی میں مزید 5.5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جائے گا اور جنوری 2023 تک پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی کی شرح 50 روپے فی لیٹر تک بڑھ جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اس وقت پٹرول پر 20 روپے اور ڈیزل اور مٹی کے تیل پر 10 روپے لیوی وصول کی جا رہی ہے اور رواں مالی سال 2022-23 میں پٹرولیم لیوی کی مد میں 855 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف ہے۔

اس سے قبل دن میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو دستخط شدہ لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) واپس بھیج دیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ایل او آئی ان کے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے قائم مقام گورنر کے دستخط کے بعد آئی ایم ایف کو بھیجا گیا تھا۔

Related posts

شہباز شریف کا 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو رعایت دینے کا اعلان

محرم میں سوشل میڈیا بندش سے متعلق صوبوں کی درخواست مسترد

امریکی کانگریس کی قرارداد کے خلاف دوسری قرارداد منظور