پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 180 ملین ڈالر کے تین فریم ورک معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
ان معاہدوں پر پیر کو اسلام آباد میں دستخط ہوئے۔

وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر محمد الجاسر نے دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر نے کہا کہ بینک کو قومی اہمیت کے اسٹریٹجک منصوبے میں پاکستان کی مدد کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے منتظر ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مقررہ وقت پر اس کے آپریشن کا مشاہدہ کیا جائے گا۔
عمر ایوب خان نے پاکستان کے ساتھ بینک کی دیرینہ اور قابل اعتماد شراکت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کی فنانسنگ سے پاکستان کی بجلی کی پیداوار اور پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے براہ راست اور بالواسطہ مواقع پیدا ہوں گے۔