اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے منگل کو کہا کہ پاکستان اسپین سمیت یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ بامعنی شراکت داری چاہتا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی خبر کے مطابق، انہوں نے ان خیالات کا اظہار میڈرڈ میں پاکستان ہاؤس میں تھنک ٹینکس کے اعزاز میں دی گئی ضیافت کے دوران کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت اپنی اقتصادی سفارت کاری کی پالیسی کے تحت دنیا کی توجہ پاکستان کی 200 ملین آبادی کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ اور ملک میں سرمایہ کاری اور تجارت کے مواقع کی طرف مبذول کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسپین کو دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں ایک اہم ملک تصور کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔
قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان اور خطے میں امن کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا جو ہمارے اقتصادی اہداف کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔
ایک روز قبل بخارسٹ میں یورپی پارلیمنٹ اور رومانیہ کی پارلیمنٹ کے ارکان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان یورپی یونین کے تمام رکن ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔