صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے خصوصی ذمہ داری دنیا کی پارلیمانوں پر عائد ہوتی ہے۔
جمعرات کو منائے جانے والے پارلیمنٹریزم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ برابری کی بنیاد پر مستقبل کی پائیدار تعمیر اور فیصلہ سازی میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کو درپیش مسائل کے حل کا حتمی فورم ہے۔

صدر نے کہا کہ پارلیمنٹ کو معاشرے کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود، پائیدار ترقی اور ملک کے اجتماعی مستقبل کو یقینی بنانے کا کوئی موقع نہیں گنوانا چاہیے۔
صدر نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔
عارف علوی نے پارلیمانی نظام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جو مضبوط، بااختیار اور عوام کا مکمل نمائندہ ہو۔