تفصیلات کے مطابق راجہ بشارت کو وزارت قانون کا قلمدان ملنے کا امکان ہے جبکہ میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید، چوہدری ظہیر الدین، حافظ محمد ممتاز، سمیع اللہ چوہدری، سردار آصف، حافظ عمار یاسر، یاسر ہمایوں راجہ، ڈاکٹر یاسمین راشد شامل ہیں۔ تیمور خان بھٹی اور مراد راس کو پنجاب کابینہ میں وزارتیں دی جائیں گی۔
مزید برآں محمد عبداللہ وڑائچ، محمد رضوان، ساجد احمد خان، احسن الحق چوہدری اور خدیجہ عمر کو صوبائی کابینہ میں بطور وزیر شامل کیا جائے گا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے بدھ کی صبح پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا جب سپریم کورٹ نے مسلم لیگ کے 10 ووٹ مسترد کرنے کے ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ مسلم لیگ-ق نے پی ٹی آئی کے امیدوار کے حق میں ووٹ دیا۔
چوہدری پرویز الٰہی کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
منگل کو سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کے فیصلے کو ’غیر قانونی‘ قرار دیتے ہوئے فیصلہ دیا کہ پرویز الٰہی صوبے کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے ‘ٹرسٹی سی ایم’ حمزہ شہباز کی تمام تقرریوں کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔