اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں معیشت سے متعلق اعلیٰ حکام شرکت کریں گے جس میں ڈالر کی قدر میں حالیہ اضافے کی وجوہات اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی اقتصادی ٹیم ملک کی معاشی صورتحال سے متعلق حقائق پر بریفنگ دے گی۔
دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزارت پیٹرولیم کو ایل پی جی پر لیوی ریٹ کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایات جاری کی گئیں جب کہ پاور ڈویژن کی جانب سے کے الیکٹرک کے لیے ٹیرف ریشنلائزیشن کی سمری پیش کی گئی۔
دریں اثناء اتحادیوں نے مخلوط حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آسمان چھوتی مہنگائی کے خلاف عوام کے لیے فوری ریلیف کا اعلان کیا جائے یا عام انتخابات میں حصہ لیا جائے۔
اس حوالے سے لاہور میں اجلاس ہوا جس میں ایم کیو ایم، اے این پی، جموری وطن پارٹی اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اتحادی سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کو متاثر کر رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کا اعلان نہ کر سکے تو انتخابات کی طرف بڑھے۔