وزیراعظم شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کیلئے اتحادیوں کو آج رات کھانے پر بلا لیا۔شہباز شریف کی خواہش ہے کہ عام انتخابات میں ایک بار پھر مل کر اپنے مخالفین کا مقابلہ کریں-
نجی ٹی وی کی خبر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں اور پی ڈی ایم رہنماؤں کا آج اجلاس طلب کر لیا جس کے بعد آج رات رہنماؤں کو عشائیہ بھی دیں گے۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کے سربراہان جن میں آصف زرداری، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمن ، خالد مقبول ، خالد مگسی ، ساجد میر ، اویس نورانی شامل ہیں اس دعوت میں شرکت کریں گے – اے این پی کے ایمل ولی کے علاوہ عبدالمالک بلوچ، آفتاب شیر پاؤ بھی اجلاس و عشائیہ میں شرکت کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن وزیراعظم سے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ الوداعی ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں جمیعت علمائے اسلام کے ارکان پارلیمنٹ بھی شرکت کریں گے۔ شہباز شریف اتحادیوں سے نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت کریں گے اور بعد ازاں اپوزیشن لیڈر کو اعتماد میں لیں گے۔