وزارت اعلی کے 9 دن میں بہترین رمضان پیکیج کا اہتمام کیا؛مریم نواز

مریم نواز کو وزیراعلیٰ بننے کے بعد بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے مگر اس میں سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی کے ہاتھوں پستے عوام کو ریلیف دینا ہے جس کے لیے وہ بہت کوشش کررہی ہیں -اب اس میں انہیں کتنی کامیابی ملتی ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا – وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وزارت اعلی کے 9 دن میں بہترین رمضان پیکیج کا اہتمام کیا۔ صوبے کے ساڑھے تین کروڑ لوگ مستفید ہوں گے۔ قیمتوں کی نگرانی کا کے لئے مستقل نظام بنا یا جارہا ہے۔ اپوزیشن کے لوگ ابھی سکتے کی حالت میں ہیں انکا کام تنقید کرنا ہمارا عوام کو ریلیف دینا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی کا کہنا تھا کہ اپنی پہلی تقریر میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل شروع کردی ہے۔ رمضان پیکیج سے متعلق اچھے اقدامات ہوے ہیں۔ وزارت اعلی کے نو دن میں بہترین رمضان پیکیج کا اہتمام کیا ہے جس میں محمد نواز شریف نے بھی بھر پور معاونت کی ہے۔ پیکیج کا نام نگہبان رمضان ہے جس سے پنجاب کے ساڑھے تین کروڑ لوگ مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق لوگوں کو رمضان پیکیج انکی دہلیز پر فراہم کرنے کا بھی آغاز ہو چکا ہے۔ اس پیکیج کی تیاری میں بہت مشکلات تھی انفرا سٹریکچر کے حوالے کافی پیچیدگیوں کا سامنا تھا۔ تاہم پنجاب کے تمام محکموں نے اس پیکیج کے اہتمام میں بھر پور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنیوالے تین سے چار ماہ میں ساڑھے بارہ کروڑ لوگوں کا سروے کے ذریعے ڈیٹا اکٹھا کیا جائیگا آمدنی کے حساب سے لوگوں کو اس ڈیٹا لسٹ میں لے کر آئیں گے۔ اس مشق کا مقصد آئندہ کسی بھی حکومتی ریلیف پیکیجز کے ذریعے حقدار تک حق پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اسی ہزار کے قریب رمضان پیکیج ڈٖیلیوری کر چکے اس پیکیج میں آٹا، چاول، چینی، گھی اور دالیں شامل ہیں۔ تمام اشیا کے معیار کا بھر پور خیال رکھا گیا ہے۔ غیر معیاری اشیا تیار کرنے والی چار ملز کو سیل کر دیا گیا ہے۔ یہ نہیں کیا کہ سستے داموں جو بھی ملے وہ دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں لوگوں کو سستی اشیائے خوردونوش کے لئے قطاروں میں دیکھ کر سخت دکھ ہوتا تھا ایسا پہلی بار ہے کہ لوگوں کو انکی دہلیز تک رمضان پیکیج دیا جا رہا ہے۔ ہر ڈسٹرکٹ کے اندر رمضان بازار بھی لگا رہے ہیں۔ سی ایم نواز کے نام سے ہیلپ لائن بنا دی ہے۔ ہیلپ لائن پر رمضان پیکیج کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کا بہتر گھنٹوں میں ازالہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا پرائس کنٹرول پر پوری توجہ ہے۔ اسکے لئے بھی وسیع اقدامات کئے گئے ہیں۔ رمضان میں دنیا بھر میں لوگوں کو ریلیف دیا جاتا بد قسمتی سے ہمارے ہاں لوگ اس ماہ مبارک کو ایک موقع کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے خود ساختہ مہنگائی اور ذ خیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوے ملوث لوگوں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس پر میری زیروٹالرینس ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے والوں کے ساتھ سختی سے ُٰنمٹا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کے ڈر سے اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹوں گی۔ مثبت تنقید کی قدر کی جائے گی۔ بیجا تنقید کی پرواہ نہیں۔

Related posts

شہباز شریف کا 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو رعایت دینے کا اعلان

محرم میں سوشل میڈیا بندش سے متعلق صوبوں کی درخواست مسترد

امریکی کانگریس کی قرارداد کے خلاف دوسری قرارداد منظور