لاہور: فرح خان کے کیس میں تازہ ترین پیشرفت میں قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے وزیراعظم کے پرسنل اسٹاف آفیسر (پی ایس او) کو طلب کرلیا۔
نیب ذرائع کے مطابق بیورو نے فرح خان کیس میں پی ایس او ٹو وزیراعظم شہباز شریف سمیر احمد سید کو طلب کر لیا ہے۔
سمیر سید سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سابق ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر (ڈی سی او) لاہور کے بطور پی ایس او خدمات انجام دے چکے ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق سینئر افسر کے پاس فرح گوگی کے معاملات سے متعلق کافی معلومات ہیں اور بیورو ان کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتا تھا۔

نیب لاہور گزشتہ کئی ہفتوں سے فرح گوگی کے اثاثوں اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے۔
اس سے قبل نیب نے فرح گوگی، ان کی والدہ اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو طلب کیا تھا لیکن جوڑے امریکہ میں ہونے کی وجہ سے تفتیش کاروں کے سامنے پیش نہیں ہو سکے۔