پاکستانی فوج کے میڈیا ونگ نے جمعرات کو اطلاع دی کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے نوشکی اور پنجگور میں کارروائیوں کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا، “گزشتہ رات پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں کے حملوں کو کامیابی سے پسپا کرنے کے بعد، سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں چھپے دہشت گردوں کا پتہ لگانے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے مقابلے کے بعد مزید 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جس کے بعد ان کی تعداد نو ہوگئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حملے کو پسپا کرتے ہوئے چار بہادر جوانوں نے ایک افسر سمیت جام شہادت نوش کیا۔
پنجگور میں فرار ہونے والے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ میڈیا ونگ نے کہا کہ پنجگور میں اب تک چار دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ کم از کم چار/پانچ کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ شدید لڑائی کے دوران تین فوجیوں نے شہادت کو گلے لگا لیا اور چار زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، انٹیلی جنس ایجنسیوں نے افغانستان اور بھارت میں دہشت گردوں اور ان کے ہینڈلرز کے درمیان رابطے کو روکا ہے۔