نواز شریف کے پہلے انتخابی جلسے نے سیاسی مخالفین کی نیندیں اڑادی ہیں ؛سیف الملوک کھوکھر

ملک میں 8 فروری کو انتخابات ہونے جارہے ہیں -اس حوالے سے نون لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت بہت سی جماعتوں نے اپنے جلسے جلسے شروع کردیے ہیں اس پر آج نون لیگ کے اہم رہنما کا بیان سامنے آیا ہے – پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کے پہلے انتخابی جلسے سے ہی سیاسی مخالفین کی آنکھیں کھل گئی ہیں ،عوام کی پذیرائی اور جوش و خروش سے ہوائوں کا رخ واضح ہے ، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک اور عوام کی ترقی کا منشور پیش کیاہے ، عوام کو سبز باغ دکھانے والوں کی انتخابات میں ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی ۔

اپنے حلقہ انتخابات میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور رہنمائوں نے بھرپور انتخابی مہم شروع کر دی ہے ، اجتماعات میں عوام کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ملک کی باگ ڈور نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کو سونپنے کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں اور 8فروری کو صرف اس کا اعلان ہونا باقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس نے پہلے بھی جو وعدے کئے ان پر سو فیصد عملدرآمد کر کے دکھایا اور ان شا اللہ اب بھی عوام کو ہرگز مایوس نہیں کریں گے۔ نواز شریف درد دل رکھنے والی شخصیت ہیں اور ان کی ساری توجہ اس پر مرکوز ہے کہ عوام کو کس طرح ریلیف دے کر مہنگائی سے نجات دلائی جائے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نواز شریف کی قیادت میں معیشت کو ایک بار پھر ٹریک پر لائیں گے جس سے عوام کی زندگی میں آسودگی اور خوشحالی آئے گی ۔تاہم اس بار پی ٹی ائی جس مقبولیت پر کھڑی ہے ان کے امیدواروں کو ہرانے کے لیے ان کے حریفوں کو ایڑی چوٹی کا زور لگانا پڑے گا –

Related posts

ضد اور نفرت چھوڑیں : عوام اور ملکی مفاد کے فیصلے کریں ؛عارف عباسی

نواز شریف کا پاک فوج کے آپریشن عزم پاکستان کی حمایت کا اعلان

شاہد خاقان عباسی نے ’ عوام پاکستان پارٹی ‘ کی بنیاد رکھ دی