کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے -یہ مصرع تو زندگی میں کئی بار سنا مگر اس کا عملی مظاہرہ آج اس وقت دیکھنے کو ملا جب وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے بتایا گیا کہ اسٹیبلیشمنٹ ڈویزن کی جانب سے بھیجے گئے 6نام وزیراعظم کومل گئے ہیں اب ان میں سے وہ کسی ایک نام کا انتخاب کرکے قوم کو بتائیں گے کہ اس ملک پاکستان کا اگلا آرمی چیف وہ کسے بنا رہے ہیں مگر قوی امکان یہی ہے کہ جنرل عاصم منیر یا جنرل اظہر عباس میں سے کوئی ایک آرمی چیف منتخب ہوگا – تاہم باقی 4 ناموں کو بھی کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا
وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ وزارت دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہو گئی ،سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمی چیف کی تقرری کیلئے ناموں کا پینل بھجوایا گیاہے، ان کاکہناہے کہ وزیراعظم متعین طریقہ کار کے مطابق تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے ۔
اس سے قبل جی ایچ کیو کی جانب سے بھی قوم کو آگاہ کیا گیا تھا کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تعیناتی کیلئے سمری وزارت دفاع کو بھجوادی ہے ۔ جس میں چھ سینئر موسٹ لیفٹیننٹ جنرلز کے نام دیے گئے ہیں۔اب اصل امتحان وفاقی حکومت کا ہے کہ وہ کب اور کسے آرمی چیف منتخب کرتی ہے اور قوم کے سامنے اس کا اعلان کب کیا جاتا ہے؟ –