بھارت کے معروف اداکار امریکہ میں فلم کی شوٹنگ کے درمیان زخمی ہوگئے -بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کو شوٹنگ کے دوران حادثہ پیش آیا ان کی ناک پر چوٹ آئی جس کے بعد ان کی ناک کی سرجری کی گئی۔
شاہ رخ خان کو امریکا کے شہر لاس اینجلس میں اپنے آنے والے پراجیکٹ کی شوٹنگ کے دوران ناک پر گہری چوٹ لگی اور ان کی ناک سے خون بہنے لگا تاہم اداکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی ناک کی سرجری کی گئی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے اداکار کی ٹیم کو بتایا ہے کہ پریشانی والی کوئی بات نہیں ہے، خون روکنے کے لیے ناک کی ایک معمولی سرجری کی گئی ہے اور اب وہ بہتر ہیں۔
اس حادثے کے بعد شاہ رخ خان اپنا ٹور مختصر کرکے امریکا سے واپس بھارت آچکے ہیں اور انہیں ناک پر پٹی بندھے دیکھا گیا ہے۔تاہم شاہ رخ اور ان کی ٹیم کی جانب سے تاحال اس حادثے سے متعلق کسی قسم کا آفیشل بیان جاری نہیں کیا گیا۔
اس خبر کے بعد ٹوئٹر صارفین شاہ رخ کے پرستاروں نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا ؤں اور نیک خواہشات کے پیغامات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے –