ملک اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے درجہ حرارت 50 ڈگری کے قریب ہے اوپر سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے -محکمہ موسمیات نے 24 جون کے بعد سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کی نوید سنادی ہے – پی ڈی ایم اے کے بیان کے مطابق 25 جون سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو بارش برسانے کا سبب بنے گا ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے صوبے پنجاب میں 26 سے 30 جون تک لاہور، اسلام آباد ، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم ، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاءالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش متوقع ہے۔
ان شہروں کے ساتھ ساتھ گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشوں کا امکان ہے، جبکہ26 سے 29 جون تک جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر ، لیہ اور کوٹ ادو ، بہاولپور بہاولنگر، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
لاہور ، اسلام آباد ، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں شدید بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے جس سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موسلادھار بارشوں سے 27 جون کو ڈی جی خان میں سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہےجس کے لیے وہاں کی انتظامیہ کو خبردار کردیا گیا ہے ۔