جیسنڈا آرڈرن کے ملک نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے تعلق رکھنے والے زان ویڈنگ کچھ دنوں سے پریشان تھے کیوں کہ ان کا ایک کان بند ہوگیا تھا، انہیں لگا کہ میل یا پانی چلے جانے کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔ زان کی پریشانی میں اس وقت اضافہ ہوگیا جب انہیں کان کے اندر کسی جاندار کی حرکت محسوس ہوئی۔

زان نے فوراً ڈاکٹر سے رجوع کیا۔ ڈاکٹر نے کان کا مختصر معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ پانی چلے جانے کی وجہ سے کان بند ہوا ہے، (آپ نے گھبرانا نہیں) تجویز کردہ ادویات استعمال کریں۔
ڈاکٹر کے نسخے کے مطابق ادویات استعمال کرنے کے باوجود زان کے کان میں کسی جاندار کی حرکت محسوس ہوتی رہی۔ انہوں نے کان کے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کیا۔

زان ویڈنگ نے جب دوسرے ڈاکٹر کو کان چیک کروایا تو ڈاکٹر نے کہا کہ آپ کے کان میں تو کیڑا ہے مگر یہ کیڑا درحقیقت لال بیگ تھا جس کے بعد ڈاکٹر نے مریض کا یہ کیڑا نکال دیا مگر زان کے اندر کے کیڑے نے اسے چین سے نہ بیٹھنے دیا اور انھوں نے
کان سے برآمد ہونے والے زندہ لالگ بیگ کی تصویر اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے شیئر کردی جہاں ان کے دوستوں نے دلچسپ تبصرے کیے اور یہ خبر دنیا بھر کے چینلز کے ذریعے پوری دھرتی پر پھیل گئی ۔