لاہور ہائی کورٹ کی مداخلت اور مشورے کے بعد لاہور میں سیاسی بحران کافی حد تک حل ہوگیا -تحریک انصاف اور پنجاب حکومت کے درمیان ریلیوں ، سیکیورٹی او رقانونی معاملات کیلئے معاہدہ طے پا گیاہے ، پی ٹی آئی وارنٹس کی تعمیل اور سرچ وارنٹ کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی ، ٹی او آرز طے پا گئے ۔
ایک سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرنے والے معزز جج نے تحریک انصاف کی لیڈرشپ اور آئی جی پنجاب اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بیٹھ کر معاملے کا حل نکالنے کا کہا تھا ، پی ٹی آئی پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی ، پی ٹی آئی کی طرف سے شبلی فراز اور علی خان پارٹی کی ترجمانی کریں گے جبکہ پولیس کی جانب سے ایس ایس پی عمران کشور فوکل پرسن ہوں گے ۔
معاہد ے کے مطابق 14 اور 15 مارچ کو ہونے والے مقدمات میں تفتیش کیلئے تحریک انصاف پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی جبکہ پی ٹی آئی کا لاہور میں جلسہ اتوار کی بجائے سوموار کو ہوگا ، جلسے سے پہلے انتظامیہ سے اجازت لی جائے گی جبکہ ریلی نکالنے سے پانچ دن قبل انتظامیہ کو آگاہ کرنا ہوگا۔
عمران خان کی سیکیورٹی کیلئے بنائی گئی گائیڈ لائنز پر بھی عمل کیا جائے گا، سیکیورٹی کیلئے متعلقہ حکام کو تحریک انصاف تحریری طور پر درخواست دے گی ، سیکیورٹی کے معاملے پر فوکل پرسن شبلی فراز ہوں گے ، عدالت نے کیس کی سماعت دوپہر تین بجے تک ملتوی کر رکھی ہے ، دوبارہ سماعت شروع ہونے پر ٹی او آرز تحریری صورت میں عدالت میں جمع کروائے جائیں گے ۔آج امید ہے کہ عمران خان خود لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے -جس کے بعد سیاسی کشیدگی کافی حد تک کم ہوجائے گی –