لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جس سے حبس سے لوگوں کی جان چھوٹ گئی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا تو گرمی سے مرجھائے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئیں۔
لاہور کے علاقے باغبانپورہ، فرخ آباد ، لکشمی چوک، نابھہ روڈ، اقبال ٹاؤن،مون مارکیٹ،برکت مارکیٹ،فیروز پور روڈ، چوبرجی، انارکلی، مزنگ، شاہ عالم، مصری شاہ، دھرم پورہ سمیت دیگر علاقوں میں بادل کھل کر برسے ، بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے لگیں، بارش اور تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جس کے باعث پی ڈی ایم اے کو الرٹ کر دیا گیا ہے کیونکہ نئی دہلی میں 2 دن کی تباہ کن بارشیں بتارہی ہیں کہ یہ بادل اب بارڈر کراس کرکے پاکستان میں برسنے والے ہیں ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔