پاکستان میں جب قربانی کا تہوار آتا ہے تو مختلف شہروں میں لوگ اپنے جانور لے کر مختلف مقامات پر آجاتے ہیں جس کی وجہ سے ایک تو ٹریفک بلاک ہوجاتی ہے دوسرے شہر گندگی غلاظت اور بدبو سے اٹ جاتا ہے اس لیے حکومت ایک شہر میں چند مخصوص جگہوں پر ہی قربانی کے جانور لانے کی اجازت دیتی ہے جسے مویشی منڈی کا نام دیا جاتا ہے – محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور کی شاہراہوں اور گلی کوچوں میں قربانی کے جانور فروخت کرنے پر دفعہ 144 لگا دی ہے، جس کے تحت صوبائی دارالحکومت میں قربانی کے جانور فروخت کرنے کے لیے مختص کی گئی 8 مویشی منڈیوں کے سوا دیگر مقامات پر خرید و فرخت پر پابندی ہوگی ۔
نوٹی فکیشن کے مطابق قربانی کے جانور صرف مختص کی گئی 8 مویشی منڈیوں میں فروخت ہوں گے۔ یہ پابندی 20 جون تک عائد کی گئی ہے۔ یہ فیصلہ دفعہ 144 کا نفاذ امن و امان کے قیام اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے- ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ شاہ پور کانجراں، ایل ڈی اے سٹی ڈیفنس روڈ، برکی روڈ پیراگون، سگیاں روڈ، سپورٹس کمپلیکس اڈا رکھ، این ایف سی ملتان روڈ، رائیونڈ سندر روڈ اور نیو کنگ لین سوسائٹی میں قربانی کے جانور فروخت کیے جائیں گے ۔