کہا جاتا ہے کہ پولیس اپنے پیٹی بھائیوں کو مشکل سے مشکل حالات میں بھی مکھن سے بال کی طرح نکال لیتی ہے مگر لاہور پولیس نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی جب پولیس نے خود سٹنگ آپریشن کرکے اپنے ہی پولیس افسر کو گرفتار کرلیا -جس کے بعد لاہور میں بھتہ لیتے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر ایس ایچ او شیخ ندیم کو اس کے اپنے ہی تھانے کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔
لاہور کے ڈی آئی جی آپریشن علی ناصر رضوی کو ایک شہری نے شکایت کی کہ ان کے ہوٹل سے ایس ایچ او سول لائن انہیں بلیک میل کرنے کے بعد مبینہ طور سے 70 ہزار ماہانہ بھتہ طلب کر رہا ہے جس پر ڈی آئی جی آپریشن نے کارروائی کا حکم دے دیا اور شہری کو ایس ایس پی آپریشن سہیل اشرف سے رابطے کا کہا۔
ایس ایس پی آپریشن نے پلان تشکیل دیا اور شہری کو بھتے کی رقم ایس ایچ او سول لائن شیخ ندیم کو دینے کو کہا۔ جونہی شہری کی جانب سے رقم ایس ایچ او کو دی گئی تو پولیس پارٹی نے چھاپہ مار کر بھتہ وصول کرتے ایس ایچ او شیخ ندیم کی نہ صرف ویڈیو بنا لی بلکہ نشان زدہ کرنسی نوٹ بھی برآمد کر لئے اور ایس ایچ او کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔ ایس ایچ او شیخ ندیم کو ان کے تھانے کے حوالات میں ہی قید کر دیا گیا۔یہ شائید لاہور پولیس کی تاریخ کو انوکھا واقعہ ہوگا جب ایک ایس ایچ او کو سارے ثبوتوں کے ساتھ گرفتار کرکے اسی کے تھانے میں بند ہونا پڑا ہو –