قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے والوں سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے والوں سے کوئی ڈیل نہیں کروں گا، میرا اپنی قوم کے نام پیغام ہے کہ حقیقی آزادی کے حصول کے لیے مجھے جو قربانی بھی دینی پڑی دوں گا مگر اپنی اور اپنی قوم کی آزادی پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو 9 ماہ ہوئے ہیں اگر 9 سال بھی جیل میں گزارنے پڑے تو اس قوم کے لیے کر گزروں گا –

یومِ تاسیس کے موقع پر ملاقات کے لیے جیل آنے والے ذمہ داران سے سابق وزیراعظم عمران خان نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25 اپریل 1996 کو انصاف، انسانیت اور خودداری جیسے اصولوں کی بنیاد پر اپنی انصاف کی تحریک کی بنیاد ڈالی، جو اللہ رب العزت کے فضل و کرم سے تمام تر جبرو فسطائیت کے باوجود ملک کی سب سے بڑی اور مضبوط سیاسی جماعت کا روپ دھار چکی ہے۔اس وقت اس کے پاس سب سے زیادہ ووٹ بینک ہے اور اس کے ووٹ بینک میں ہرگزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے –

یومِ تاسیس پر جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے اپنی قوم کو پیغام بھجوایا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور آزاد پیدا کیا ہے، نبی اکرمﷺ کے امتی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم حق اور سچ کا ساتھ دیں، دنیا میں اپنی حقیقت اور حیثیت کو پہچانیں ، مولانا رومی نے ہمارے لیے ہی یہ پیغام چھوڑا ہے کہ ”جب اللہ نے آپ کو پر دے رکھے ہیں تو کیوں چیونٹیوں کی طرح زمین پر رینگتے ہو“ مومن اللہ کے علاوہ کسی کے سامنے نہیں جھکتا اس لیے کہ ایمان انسان کو آزاد کرتا ہے ، دنیا سے غلامی کے بطور ادارہ خاتمے کا پورا کریڈٹ اسلام کو جاتا ہے کیونکہ اسلام آزادی کی حیثیت و اہمیت کو مقدم رکھتا ہے، میری جانب سے میری قوم کو پیغام دیں کہ آزادی کبھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی جاتی، غلام قوم کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، آزادی کے حصول کے لیے لڑنا پڑتا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم کی قیادت میں اپنی آزادی ہی کے لیے بے مثال جدوجہد کی آج ہمیں بھی اپنی آزادی کے لیے خوف کی زنجیریں توڑ کرنکلنا پڑے گا، مجھے یقین ہے کہ ایک مرتبہ میری قوم صحیح معنوں میں آزاد ہوگئی تو پاکستان کو عظیم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

Related posts

عمران خان نے آل پارٹیز کامفرنس میں شرکت کا اشارہ دے دیا

جو لابی اسرائیل سے بھی نہ ہوسکی وہ تحریک انصاف نے کردکھا ئی -عمران خان

پی ٹی آئی کا اگلا ہدف اقتصادی پابندیاں لگوانے کی قرارداد ہے ؛عرفان صدیقی