اس وقت پورے ملک کی نظریں جس خبر پر ہیں وہ نگران وزیراعظم کے نام کا انتخاب ہے -اس حوالے سے اسحاق ڈار اور حفیظ شیخ سمیت مختلف نام میڈیا کی خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں -حکومت نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلئے 9 اگست کی حتمی تاریخ پر دیگر جماعتوں کے ہمراہ اتفاق کر لیاہے تاہم ابھی نگران وزیراعظم کون ہو گا اس حوالے سے حتمی نام سامنے نہیں آ سکا ہے لیکن پانچ ناموں پر اتفاق کر لیا گیاہے جن میں سے ایک کو فائنل کیا جائے گا۔
ن لیگ ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سمیت تمام جماعتوں نے نگران وزیراعظم کیلئے پانچ ناموں پر اتفاق کر لیاہے ، نگران وزیراعظم کا حتمی فیصلہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات میں ہو گا ، اکثریت نے نگران وزیراعظم کیلئے سیاسی شخصیت کے تقر ر کی حمایت کی ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نام بھی نگران وزیراعظم کیلئے زیر غور رہا ۔خواجہ آصف نے اس حوالے سے کچھ دیر قبل بیان دیتے ہوئے بتایا تھا کہ جو نام ہم نے دیئے ہیں ان میں کوئی بیوروکریٹس شامل نہیں ،جو نام دیئے ہیں ان میں عام شہری ہیں جن کی اچھی ساکھ ہے ، ایک کا تعلق سیاست کے ساتھ ہے ایک ٹیکنوکریٹ ہے مگر ان کا نام ابھی میڈیا کے ساتھ شئیر نہیں کیا گیا نہ ہی حتمی طور پر ابھی کوئی نام فائنل ہوسکا ہے –