اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے جمعہ کو بلوچستان کے شہید کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ان کی شہادت پر اہل خانہ سے تعزیت کی۔
عمران خان نے دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کے بیٹے کیپٹن احمد اور خاندان کے دیگر افراد سے تعزیت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب اور جنت الفردوس میں بلندی درجات کی دعا بھی کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر، میجر جنرل بابر افتخار نے منگل کو اس خبر کی تصدیق کی کہ کور کمانڈر سدرن کمانڈ، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے شہادت کو گلے لگا لیا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بدقسمت حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔
پاک فوج کا ایوی ایشن کا ایک ہیلی کاپٹر بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں لاپتہ ہو گیا جس میں کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت اہم شخصیات سوار تھیں۔
فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں سیلاب زدگان کی امدادی کارروائی پر تھا۔
آئی ایس پی آر نے ٹوئٹ کیا کہ پاک فوج کا ایک ایوی ایشن ہیلی کاپٹر جو لسبیلہ، بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر تھا کا اے ٹی سی سے رابطہ منقطع ہوگیا۔