عدالت کے حکم پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو جیل میں ایئرکولر، بیڈ، ایل سی ڈی اور ٹیبل فراہم کردیا گیا

گزشتہ سماعت پر پرویز الہی نے عدالت سے گلہ کیا ھا کہ ان کو جیل میں سخت مشکلات کا سامنا ہے اور پولیس والے جو عدالت میں آکر آپ کو بتاتے ہیں وہ غلط بیانی ہے یہ فوٹو سیشن کے لیے چیزیں رکھتے ہیں اور بعد میں اتار کر لے جاتے ہیں -جس پر عدالت نے آج آئی جی جیل خانہ کو طلب کیا – لاہور ہائیکورٹ میں چودھری پرویز الہٰی کی جیل میں سہولیات کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی۔ پرویز الہٰی کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ ان کے مؤکل کو جو اے سی دیا گیا تھا وہ بھی واپس لے لیا گیا ہے جس پر آئی جی جیل خانہ جات بولے کہ ہم پرویزالہٰی کمرے کے درجہ حرارت کو کم کرنے کیلئے روم کولر میں برف کا استعمال کر رہے ہیں۔ڈاکٹر نے درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رکھنے کا کہا ہے۔ اسی وجہ سے ہم نے کولر میں 20کلو برف ڈال کر درجہ حرارت کو ٹھیک رکھا ہوا ہے۔ دوران سماعت ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو ایئرکولر، بیڈ، ایل سی ڈی اور ٹیبل دی گئی ہے۔

 

 

پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کو وکلاسے بھی نہیں ملنے دیا جاتا،دوران سماعت سرکاری اور پرویزالہٰی کے وکیل کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔سرکاری وکیل نے عدالت میں حکم کی تعمیل کی یقین دہانی کرائی۔لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی کی شکایات کے ازالے کیلئے آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایات جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔تاہم ان کو عدالتی حکم کے باوجود اب تک رہائی نہیں مل سکی اور جب تک وہ تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان نہیں کرتے انہیں پابند سلاسل ہی رہنا پڑے گا -مگر پرویز الہی نے بھی صاف صاف کہہ دیا ہے کہ جو سلوک ان کے ساتھ کیا گیا ہے وہ اب ق لیگ میں کسی صورت واپس نہیں جائیں گے –

Related posts

ضد اور نفرت چھوڑیں : عوام اور ملکی مفاد کے فیصلے کریں ؛عارف عباسی

نواز شریف کا پاک فوج کے آپریشن عزم پاکستان کی حمایت کا اعلان

شاہد خاقان عباسی نے ’ عوام پاکستان پارٹی ‘ کی بنیاد رکھ دی