اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے بدھ کے روز کہا کہ عثمان مرزا، جی ٹی روڈ ریپ اور شاہ رخ جتوئی کیسز عدالتی نظام کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے سوال کیا کہ ان مقدمات کی کارروائی روزانہ کی بنیاد پر کیوں نہیں ہو سکتی اور انہیں عام مقدمات کی طرح کیوں سمجھا جاتا ہے؟

چودھری نے کہا کہ استغاثہ اور عدالتیں اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ وزیر نے کہا کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ ان مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائے۔
اسلام آباد کے ای11 فلیٹ میں ہراساں کیے جانے والے متاثرہ جوڑے نے مبینہ طور پر ملزمان اور مرزا کو پہچاننے سے انکار کر دیا ہے۔
جوڑے کو ہراساں کرنے کے مقدمے کے مرکزی ملزم مرزا کو 7 جولائی 2021 کو سوشل میڈیا پر پریشان کن ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
ویڈیو میں اسے اپنے گینگ کے ساتھ بے بس جوڑے پر حملہ کرتے اور خاتون کو برہنہ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔