طارق فضل ،انجم عقیل اور خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل

جب سے ملک میں عام انتخابات ہوئے ہیں – حالات مسلم لیگ نون کے قابو سے باہر ہوتے جارہے ہیں پہلے ان کے مختلف ممبران پر دھاندھلی سے جیتنے کا الزام لگا پھریہ معاملات عدالت جانے لگے اور اب ان پر فیصلوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے -اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد سے لیگی امیدوار طارق فضل چودھری ،انجم عقیل اور راجہ خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل کر دیئے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر نے احکاما ت جاری کئے۔

تحریک انصاف کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت ہوئی،طارق فضل چودھری این اے 47سے امیدوار تھے ان کی کامیابی شعیب شاہین نے چیلنج کی تھی جبکہ راجہ خرم نواز کی این اے 48سے کامیابی پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار علی بخاری نے چیلنج کی تھی،این اے 46سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عامر مغل نے انجم عقیل کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔جسٹس گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر نے انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کی،درخواستگزار شعیب شاہین نے کہاکہ ہمیں تقریباً 380فارم 45اسی رات مل گئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ رزلٹ میں میراووٹ طارق فضل کو جبکہ طارق فضل کا ووٹ مجھے دے کر نتائج بدل دئے گئے ،میں نے ریٹرننگ افسر سے کہاکہ اگر غلطی ہے تو اسے درست کرلیں،ریٹرننگ افسر نے مجھے کہاکہ یہاں سے چلے جاؤ ورنہ نکال دیں گے،رات ایک بجے تک فارم 45جاری نہیں کیا جارہا تھا تو ہم نے دھرنا دے دیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیافارم 45پر ریٹرننگ افسر کے دستخط موجود ہیں؟شعیب شاہین نے کہاکہ جی ، فارم 45پر ریٹرننگ افسر کے دستخط موجود ہیں،ہم نے پہلے ریٹرننگ افسر اور پھر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو درخواست دی،ہمارے اصرار پر ریٹرننگ افسر نے ہمیں کانسالیڈیشن نہ ہونے کا لکھ کر دیا، الیکشن کمیشن نے آر او سے 3دن میں رپورٹ مانگی لیکن ابھی تک نہیں دی گئی، الیکشن کمیشن نے آر او کو حتمی کانسالیڈیشن سے روکنے کا حکم دیا۔

شعیب شاہین نے کہاکہ بعد میں پتہ لگا آر او آفس میں طارق فضل چودھری کی موجودگی میں نتائک تبدیل کیے جارہے ہیں اور عوام کا مینڈیٹ چرایا جارہا ہے ،ہم وہاں پہنچے تو اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا، ،الیکشن کمیشن نے سلمان اکرم راجہ کے حلقے کے کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا، لیکن ہمارے حلقوں کے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشنز واپس نہیں لئے گئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد سے لیگی امیدوار طارق فضل چودھری، انجم عقیل اور راجہ خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل کر دیئے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر نے احکاما ت جاری کئے۔مگر یہ سلسلہ یہیں رکنے والا نہیں ہے ابھی بہت سے اور امیدواروں کے نوٹیفیکیشن بھی روکے جانے کا بہت زیادہ امکان پیدا ہوگیا ہے –

Related posts

پنجاب میں 12جون کو قائم ہونے والے تمام الیکشن ٹریبونلزمعطل

ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کی ایک اور رکاوٹ دور

نو ٹو پلاسٹک ؛ ہمارا مقصد پنجاب کو پلاسٹک فری بنانا ہے؛مریم نواز