صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور معیشت میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
جمعہ کو اسلام آباد میں پاکستان میں صومالیہ کی سبکدوش ہونے والی سفیر خدیجہ ایم المخزومی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ’’لُک افریقہ پالیسی‘‘ شروع کی ہے جس سے تمام افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

صدر نے اسلام آباد میں او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے دو اجلاسوں میں شرکت پر صومالیہ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان نے افریقی طلباء کا بے تابی سے خیرمقدم کیا اور صومالی طلباء کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی پاکستانی تعلیمی اداروں میں داخلہ لے چکی ہے۔
صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں سبکدوش ہونے والی سفیر کی خدمات کو سراہا اور ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔