پاکستان کی عوام نے جس طرح8 فروری کو بڑی تعداد میں نکل کر ووٹ ڈالا اس نے پہلے سے کیے گئے بہت سے فیصلوں کو بدلنا پڑگیا ہے -اسی وجہ سے اب نواز شریف کی بجائے ایک مرتبہ پھر شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے -نواز شریف نے بھی پہلے ہی عندیہ دے دیا تھا کہ اگر ان کی پارٹی کو اوپن مینڈیٹ نہ ملا تو وہ وزیراعظم نہیں بنیں گے -مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم کےلیے شہباز شریف کو نامزد کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی قائد نے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان جبکہ مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے عوام، سیاسی تعاون فراہم کرنے والی جماعتوں اوران کے قائدین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ان فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی خطرات اور عوام مہنگائی سے نجات پائیں گے۔اس سے قبل مسلم لیگ (ق) کے قائد چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے بھی اسی بات کا اظہار کیا تھا کہ مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار ہوں گی۔اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اس منصب کو کس طرح چلاتی ہیں کیونکہ وہ ان کی پارٹی اس سے پہلے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر کڑی تنقید کرتے رہے ہیں –