شہباز شریف نے عمران خان کی تقریر کو ریاست مخالف قرار دے دیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کو ایبٹ آباد میں جلسے کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی ریاست مخالف تقریر پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے-وزیر اعظم نے عمران کی تقریر کو “پاکستان کے خلاف سازش” قرار دیا۔مسلم لیگ (ن) کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف بیانیہ گھڑنے والے اصل ’’میر جعفر اور میر صادق‘‘ ہیں۔

ایبٹ آباد میں جلسے کے دوران عمران خان کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیا گیا، اس لیے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔بیان میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ عمران خان سیاست میں سازش نہیں کر رہے بلکہ پاکستان کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی ایک شخص کی انا، تکبر اور جھوٹ کی بنیاد پر قربان نہیں کیا جا سکتا۔ پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کرنے کی سازش کی اور اب وہ خانہ جنگی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت عمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کی سازش کو کچل دے گی ۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عمران نیازی آج کے میر جعفر اور میر صادق ہیں جو چاہتےہیں کہ پاکستان کا لیبیا اور عراق جیسا انجام ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران وہی ہاتھ کاٹ رہا تھا جس نے اسے کھلایا تھا ۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے کسی ایک شخص کی انا کے غلام نہیں، عمران نیازی عوام کو غلام بنانا چاہتے ہیں لیکن ہم اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔عمران نیازی نے بہت جھوٹ بولا لیکن اب انہیں سچ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Related posts

ضد اور نفرت چھوڑیں : عوام اور ملکی مفاد کے فیصلے کریں ؛عارف عباسی

نواز شریف کا پاک فوج کے آپریشن عزم پاکستان کی حمایت کا اعلان

شاہد خاقان عباسی نے ’ عوام پاکستان پارٹی ‘ کی بنیاد رکھ دی