پاکستان کرکٹ ٹیم نے انتہائی مایوسکن بیٹنگ کی اور انتہائی سست رفتاری کے ساتھ سکور کیا پاکستان کاکوئی بھی بیٹسمین کھل کر نہ کھیل سکا -اس کااندازہ اس بات سے لگا یا جاسکتا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 27 رنز افتخار نے بنائے -آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم کے لیے ایک اور شرمناک بات یہ بھی ہوئی کہ 120 گیندیں کھیل کر کوئی کھلاڑی ایک چھکا بھی نہ لگا سکا-اس طرح ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم نے منفی اعتبار سے ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا، قومی ٹیم 8 سال میں پہلی مرتبہ 20 اوورز میں ایک بھی چھکا نہیں لگا سکی آخری مرتبہ 2014 میں دبئی میں ایسا ہوا تھا جب پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پورے 20 اوورز کھیلے تھے اور کوئی چھکا نہیں لگا تھا ۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے میچ میں پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 15 چوکوں کی مدد سے 130 رنز بنائے لیکن اس اننگز میں کسی بلے باز کی جانب سے کوئی چھکا نہیں لگایا گیا جو کبھی کبھار ہی ایسا دیکھنے کو ملتا ہے ۔میچ میں افتخار احمد 27 اور آصف علی 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔نیوزی لینڈ میں اب تک کل 77 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جبکہ پہلی مرتبہ کسی ٹیم کی جانب سے 20اوورز میں ایک چھکا بھی نہیں لگایا گیا۔