دن 27/اگست 2022ء کو تحصیل کمیونٹی ہال پاکپتن میں شاہ شاکر ویلفئیر فاؤنڈیشن کی طرف سے پاکستان کے 75ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں ضلع پاکپتن کے سکولوں کے طلبا و طالبات کے مابین مقابلہ حسنِ قرات، نعت و تقریر منعقد کروایا گیا۔
اس مقابلے کا مقصد پیر شاہ شاکر کے مشن کو جاری رکھنا تھا جو اپنی زندگی میں اپنے علاقے کے طلبا و طالبات کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے تھے اور ان کی خفیہ امداد بھی کرتے رہتے تھے۔

یہ پروگرام صبح دس بجے شروع ہوا اور شام 6 بجے تک جاری رہا۔
ان مقابلہ جات میں پاکپتن بھر کے کئی اہم سکولوں کے بے شمار بچوں نے خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
مقابلہ حسنِ قرات اور نعت میں 40، 40 جبکہ مقابلہ تقریر میں 80 کے قریب بچوں اور بچیوں نے شرکت کی اور اپنے ہنر کو آزمایا۔ مقابلوں کے منصفین میں طلحہ فاروقی، صدارتی ایوارڈ یافتہ محمد عامر شکیل،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی مجلس مباحث کے سابق صدر اور مجلہ راوی کے سابق مدیر زوہیب عالم اور معروف اینکر پرسن ظاہر محمود شامل تھے۔

یہ تمام منصفین گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے خصوصی طور پر اس مقابلے کے لیے پاکپتن تشریف لائے۔
پروگرام کی میزبانی اردو پوائنٹ کے معروف اینکر اور لکھاری ظاہر محمود نے کی۔
اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی پاکستان کی سب سے بڑی فوٹوگرافی کمپنی لیول ایکس فوٹوگرافی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ملک عمار مصطفی تھے جو لاہور سے خصوصی طور پر تشریف لائے۔

ان کے علاوہ ورچوئل یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نعیمہ حسن، ڈاکٹر فرحان نذیر ڈی ایچ کیو پاکپتن، اوکاڑہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈمن و اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد سجاد سرور، ظفر اقبال چودھری صدر پیسٹی سیڈز سیلز ایسوسی ایشن پاکپتن، سیٹھ امتیاز سلیم حیدر سندھو فارم دیپالپور، پروفیسر ڈاکٹر نوید عاجز، چئیرمین شاہ شاکر ویلفئیر فاؤنڈیشن پیر نذیر احمد بودلہ، صدر پیر فخر احمد بودلہ، نائب صدر عذرا شریف صاحبہ، اللہ جیوایا بودلہ اور فنانس سیکرٹری پیر تنویر شاہ بودلہ نے اس پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔
اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں پرنسپل فاضلکا اسلامیہ ماڈل ہائی سکول جناب اویس اختر چشتی اور سی ای او پاکپتن نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔ پروگرام کے آخر میں جب نتائج کا اعلان کیا گیا تو بلیسنگ ہوم پبلک سکول نے ٹیم ٹرافی حاصل کی جبکہ پریمئیر سکول کے بچوں نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

شاہ شاکر ویلفئیر فاؤنڈیشن کا مقصد طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی اور غریب و نادار لوگوں کی مدد کرنا ہے۔
جنوری 2022ء سے جب سے شاہ شاکر ویلفئیر فاؤنڈیشن کا انعقاد عمل میں لایا گیا تب سے اب تک اس فاؤنڈیشن کا یہ چوتھا پروگرام تھا جسکا مقصد اپنے علاقے کے بچوں کو پروموٹ کرنا اور وہ ایکسپوژر دینا ہے جو وہ یہاں حاصل نہیں کر سکتے۔
پروگرام کے آخر میں تیس سے زائد طلبا و طالبات میں شیلڈر اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔



