سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی کو کرپشن کیس میں جیل بھیج دیا گیا

احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی کو کرپشن ریفرنس میں جیل بھیج دیا۔سپریم کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر اسپیکر سندھ اسمبلی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اسپیشل پراسیکیوٹر نیب نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت سے استدعا کی کہ اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے کیونکہ کیس میں مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی کو جیل بھیج دیا۔

عدالتی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج درانی نے کہا کہ وہ نہ تو فرار ہوئے اور نہ ہی روپوش ہوئے بلکہ عبوری ریلیف کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا -سراج درانی نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک سندھ اسمبلی سے منظور ہونے والا صوبائی لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل نہیں دیکھا اور اس کا مسودہ دیکھنے کے بعد ہی وہ اس پر تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

سندھ اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ ان پر پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑنے کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مرحومہ بے نظیر بھٹو کے وفادار کارکن ہیں اس لیے مقدمے کی کارروائی سے نہ کبھی بھاگے ہیں اور نہ ہی آئندہ کبھی بھاگیں گے وہ عدالت کا احترام کرتے ہیں اور عدلیہ کا ہر فیصلہ انہیں قبول ہے ۔

Related posts

ضد اور نفرت چھوڑیں : عوام اور ملکی مفاد کے فیصلے کریں ؛عارف عباسی

نواز شریف کا پاک فوج کے آپریشن عزم پاکستان کی حمایت کا اعلان

شاہد خاقان عباسی نے ’ عوام پاکستان پارٹی ‘ کی بنیاد رکھ دی