سعودی عرب نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کی صورت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئندہ سال حج پر شاہی مہمان بنانے کا اعلان کردیا۔اس آفر نے پاکستانی ٹیم میں یقینا ایک نئی روح پھونک دی ہوگی کیونکہ حج کرنا تو ہر مسلمان کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے مگر سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے شہر اور شاہی خاندان کی جانب سے انہیں ایسی آفر آنا بہت خوش قسمتی کی بات ہے –
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے آغاز پر اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔سعودی سفیر نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم انشاء اللہ ورلڈ کپ جیتے گی، انہوں نے پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کے لئے دعا بھی کی۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 جیت گئی تو سعودی عرب حج 2025 میں ان کی میزبانی کرے گا۔ سعودی سفیر نے اس موقع پر پاکستانی قوم کو بھی یاد رکھا وہ بھی چاہتے ہیں کہ اس مشکل دور سے گزرنے والے پاکستانیوں کو خوشی کا کوئی لمحہ نصیب ہو سعودی سفیر نے یہ بھی کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستانی اپنی ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے کا جشن منائیں گے۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 6 جون کو ڈلاس میں میزبان ٹیم امریکا کے خلاف میچ سے کرے گی۔اس کے بعد 9، 11 اور 16 جون کو بالترتیب بھارت، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف میچز کھیلے گی۔خدا کرے کہ ہماری ٹیم اس بار ایسا کرے کہ وہ سب حج کی سعادت شاہی مہمان کی حیثیت سے کریں –