مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے سرگودھا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کیا جس میں انھوں نے ایک بار پھر عدلیہ اور فوج کے اہم شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنایا -انھوں نے فیض حمید اور ثاقب نثار کو نواز شریف کی حکومت گرانے کا ذمہ دار قرار دے دیا -مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جنرل (ر) فیض حمید کو آرمی چیف بنے کے لیے ایک سیاسی چہرے کی ضرورت تھی ، اس لیے وہ عمران خان کو آگے لے کر آئے ۔ وہ عمران خان کے ذریعے فوج پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتے تھے –
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے موجودہ حالات کا ذمہ دار پانچ کا ٹولہ ہے جس کے سرغنہ جنرل(ر) فیض حمید تھے ، فیض حمید جانتے تھے کہ نواز شریف ان کا مہرہ نہیں بنیں گے اس لیے عمران خان کوآگے لایا گیا،جب ایک سیاسی جماعت کے سربراہ نے فیض حمید سے پوچھا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی کیوں کی جارہی ہے تو فیض حمید نے جواب دیا کہ نواز شریف کا قد ضرورت سے زیادہ بڑا ہوگیا ہے ، اسے ” کٹ ٹو سائز“ کرنا پڑے گا ، عمران خان کی جانب سے سازش کا شور سن سن کر کان پک گئے ، اصل سازش نواز شریف کے خلاف ہوئی تھی ، انھوں نے فیض حمید پر کرپشن کا الزام بھی عائید کردیا ان کا الزام تھا کہ فیض حمید نے ملک سے اربوں روپے گلف ممالک میں منتقل کیے ، انہیں عمران خان سے محبت نہیں بلکہ اپنے گناہوں کا خوف ہے ۔ انھوں نے سپریم کورٹ کے سابقہ چیف جسٹسز ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا –