اسلام آباد: انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آفتاب سلطان کو قومی احتساب بیورو (نیب) کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان کی بطور چیئرمین قومی احتساب بیورو تقرری کی منظوری دے دی۔
وزیر اعظم کی جانب سے انتخاب پر اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اور دیگر سے مشاورت کے بعد تقرری کی گئی۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے چیئرمین نیب کے عہدے کے لیے اخلاق تارڑ، بشیر میمن اور آفتاب سلطان کے نام تجویز کیے گئے تھے۔

ان کا تعلق پولیس سروس سے تھا اور وہ آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل سمیت پولیس میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔
آفتاب سلطان کا تعلق فیصل آباد سے ہے، انہوں نے قانون کے شعبے میں پنجاب یونیورسٹی سے گریجویشن کیا، بعد ازاں کیمبرج یونیورسٹی سے ایل ایل ایم اور ایڈنبرا یونیورسٹی سے فلاسفی آف لاء اینڈ لیگل اسٹڈیز میں ایم ایس سی کیا۔
واضح رہے کہ آفتاب سلطان کو 2013 کے عام انتخابات میں آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔